Get Even More Visitors To Your Blog, Upgrade To A Business Listing >>

فیصلہ آج ہی کیجیے

ہم سب کے کچھ خواب ہوتے ہیں کیونکہ ہم اپنے دل کی گہرائیوں سے چاہتے ہیں کہ ہمیں بطور خاص نوازا جائے، تاکہ ہم دوسروں کو اپنے ہونے اور اپنے وجود کا احساس دلا سکیں۔ سب میں نمایاں نظر آئیں۔ ہمارے وجود سے اور ہماری وجہ سے کوئی ایسا فرق پڑے کہ اس فرق کے باعث دنیا ایک بہتر جگہ بن جائے، اپنے وجود کا احساس ہی ہمارے خواب کی تعبیر ہے۔ آپ کی سب سے بڑی آرزو کیا ہے؟ شاید یہ آپ کا کوئی خواب ہی تھا، کوئی بھولا بسرا خواب جسے آپ نے شاید اپنی یادداشت سے محو کرنا شروع کر دیا لیکن آپ کے اندر وہ بصیرت آج بھی زندہ ہے، خواب کو حقیقت کا روپ دینے کی بصیرت… ایک اَن دیکھی روشنی!… 

آپ کس انداز میں زندگی بسر کرنا چاہتے ہیں؟ صرف لمحہ بھر سوچیے اور اس خواب کو پھر سے اپنے ذہن کے کسی خوابیدہ گوشے سے نکال لائیے، وہ بھولا بسرا خواب اپنے ذہن کی سکرین پر دیکھنا شروع کیجیے کہ آپ اپنی زندگی میں حقیقتاً کیا چاہتے ہیں؟ اپنے خوابوں کے ساتھ یہ سلوک ہم کبھی کبھار نہیں کرتے، بلکہ ایسا تواتر اور تسلسل سے کرتے چلے جاتے ہیں۔ کیا ہم نے کبھی یہ سوچا ہے کہ ایسا کیوں ہوتا ہے؟ اس کی بنیادی وجہ کیا ہے؟ بالآخر کیا ہم یہ طے کر پاتے ہیں کہ ہم اپنی زندگی سے کیا چاہتے ہیں؟ اس کو کس انداز میں بسر کر سکتے ہیں اور ہم کہاں پہنچنا چاہتے ہیں؟ اس سوال کا بڑا سیدھا سادا سا جواب ہے کہ یہ سب کچھ ہمارے اپنے فیصلوں پر منحصر ہے۔ 

ہمارے فیصلے وہ لمحے ہوتے ہیں کہ جب ہماری تقدیر کی صورت گری ہو رہی ہوتی ہے اور اس سے اہم یہ کہ اپنے فیصلوں پر ہمارا یقین، ہمارا بھروسہ ہماری زندگیوں کے حالات پر منحصر نہیں… کیا ہم اپنی تقدیر خود نہیں بناتے! ہم میں سے ہر ایک کو پیدائشی طور پر ایسے وسائل اور ذرائع دیے جاتے ہیں، جو ہمیں اس قابل بناتے ہیں کہ ہم ان کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے خوابوں کی تعبیر پا سکیں، بلکہ اس سے کہیں زیادہ حاصل کر سکتے ہیں۔ ان امڈی ہوئی عنایات کے دروازے ہم پر صرف اپنی ایک قوت فیصلہ سے کھل سکتے ہیں۔ خوشیاں یا غم، دکھ سکھ، خوش حالی یا غربت، تنہائی یا ساتھ، عمر دراز یا کم عمری… یہ سب کچھ ہمارے فیصلوں کے مرہون منت ہیں۔ 

میں آپ کو چیلنج پیش کرتا ہوں کہ آج آپ کوئی ایسا فیصلہ کریں کہ جس سے آپ کا معیار زندگی فوراً بہتر ہو سکتا ہے۔ کچھ ایسا کر دکھائیں جسے آپ ترک کرتے چلے آئے ہیں۔ اپنے اندر ہنرمندی اور مہارت کی ایک نئی جہت پیدا کریں، ایک ایسا راستہ، جسے آپ نے پہلے کبھی اختیار نہیں کیا۔ مثلاً لوگوں کے ساتھ اپنائیت کا برتاؤ کریں، ہمدردی اور احترام سے پیش آئیں۔ کیا ہی اچھا ہو کہ آج آپ کسی ایسے شخص کو فون ملائیں جس کے ساتھ عرصۂ دراز سے آپ نے کوئی بات چیت نہیں کی۔ آپ اپنے فیصلوں میں ربط پیدا کریں، کیونکہ فیصلوں کو مؤخر کرنا اور فیصلے نہ کرنا بھی ایک طرح سے فیصلہ کرنا ہی ہے۔

انتھونی رابنز


 



This post first appeared on Improve Your Life, please read the originial post: here

Share the post

فیصلہ آج ہی کیجیے

×

Subscribe to Improve Your Life

Get updates delivered right to your inbox!

Thank you for your subscription

×