Get Even More Visitors To Your Blog, Upgrade To A Business Listing >>

ٹرمپ نے شکست تسلیم کر لی، اقتدار منتقل کرنے کی منظوری

امریکی صدر ٹرمپ نے انتخابات میں اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے نو منتخب صدر جوبائیڈن کو اقتدار منتقلی کی منظوری دیدی، اس طرح کئی ہفتوں سے جاری انتقال اقتدار کی جنگ ختم ہو گئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی سربراہ جنرل سروس ایڈمنسٹریشن ایملی مرفی نے جوبائیڈن کو خط لکھ کر آگاہ کر دیا ہے کہ ان کو اقتدار کی منتقلی کا عمل اب باضابطہ طور پر شروع کیا جا سکتا ہے۔ امریکی جنرل سروس ایڈمنسٹریشن کی سربراہ ایملی مرفی نے خط کے حوالے سے کہا کہ میں نے بغیر کسی دباؤ کے آزادانہ طور پر یہ فیصلہ کیا۔ اس فیصلے سے متعلق مجھ پر وائٹ ہاؤس کے ایگزیکٹو حکام کا کوئی دباؤ نہیں تھا۔ ایملی مرفی نے کہا کہ نو منتخب صدر کے استعمال کے لیے 63 لاکھ ڈالر کا ابتدائی فنڈ دستیاب ہو گا۔

خط کا مطلب یہ ہے کہ اب بائیڈن کی ٹیم کو آئندہ دو ماہ کے دوران اقتدار کی منتقلی تک ایک دفتر کے ساتھ وفاقی فنڈز بھی مہیا ہو سکیں گے۔ اب نو منتخب صدر جو بائیڈن اور ان کی نائب کمالہ ہیرس کو بھی اسی طرز پر نیشنل سکیورٹی بریفنگ ملنے لگے گی جیسے صدر ٹرمپ کو ہر روز دی جاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق خط کا مطلب یہ ہے کہ انتظامیہ نے پہلی بار صدر ٹرمپ کی شکست کو تسلیم کر لیا ہے۔ ادھر صدر ٹرمپ نے اپنے حق کی لڑائی جاری رکھنے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری قانونی جنگ جاری رہے گی، ہم اچھی طرح سے مقابلہ کرتے رہیں گے اور مجھے یقین ہے کہ ہم کامیاب بھی ہوں گے ۔ بہرحال ملک کے بہتر مفاد کے لیے میں نے ایملی اور ان کی ٹیم سے ابتدائی پروٹوکول کے لیے جو بھی مناسب ہو، وہ کرنے کی سفارش کی ہے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ خط ٹرمپ کی شکست تسلیم کرنے کی جانب پہلا قدم ہے۔ دوسری جانب نو منتخب صدر جو بائیڈن کی ٹیم نے بھی ان اقدامات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ نے جو بائیڈن اور نو منتخب نائب صدر کمالہ ہیرس کی انتخابات میں بظاہر کامیابی کی نشاندہی کر دی ہے اور آنے والی انتظامیہ کو اقتدار کی ہموار اور پرامن منتقلی کے لیے ضروری وسائل اور مدد فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔ اقتدار کی منتقلی کی منظوری کے اعلان کے بعد بیشتر سٹاک مارکیٹوں میں مثبت اضافہ دیکھا گیا۔ لندن سٹاک مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں 1.1 فیصد ، فرینکفرٹ کی سٹاک مارکیٹ میں 1 فیصد، ٹوکیو کی سٹاک مارکیٹ میں 2 فیصد جبکہ سڈنی کی سٹاک مارکیٹ میں ایک فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا۔

بشکریہ روزنامہ جنگ



This post first appeared on Focus Pakistan, please read the originial post: here

Share the post

ٹرمپ نے شکست تسلیم کر لی، اقتدار منتقل کرنے کی منظوری

×

Subscribe to Focus Pakistan

Get updates delivered right to your inbox!

Thank you for your subscription

×