Get Even More Visitors To Your Blog, Upgrade To A Business Listing >>

پاکستان اور جاپان کے درمیان تجارت کے فروغ کے لئے کے بڑے ایم او یو پر دستخط ہوگئے

کراچی۔ (اے پی پی)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) اور پاکستان جاپان بزنس فورم (پی جے بی ایف)نے باہمی مفاہمت کی یادداشت کے معاہدے(ایم اویو) پر دستخط کئے ہیں جس کے مطابق دونوں اداروں نے اپنے ممبران کو متاثر کرنے والے مشترکہ چیلنجزکی نشاندہی کرنے اور ان چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے پر اتفاق کیا تاکہ پاکستان اور رجاپان کے مابین تجارت کو فروغ دیا جاسکے۔ باہمی مفاہمت کی یادداشت کے معاہدے پر کے سی سی آئی کے صدر جنید اسماعیل ماکڈا اور چیئرمین پی جے بی ایف سہیل پی احمد نے دستخط کئے۔ ایم او یو کے مطابق کے سی سی آئی اور پی جے بی ایف صنعت دوست پالیسیوں، صحت مند مارکیٹ اور پاکستان میں صنعتی ترقی کے لئے مفید معلومات کے تبادلہ اور مواقعوں کی نشاندہی کریں گے۔ دونوں اداروں نے باہمی دلچسپی کے امور پرورکنگ گروپ بنانے، تحقیق و صنعتی ترقی میں تعاون پیش کرنے کے لئے اپنا ایک ایک رابطہ نمائندہ بھی نامز دکریں گے اس کے علاوہ جاپان کے ساتھ تجارت کرنے والے ممبران کی تفصیلات کا بھی تبادلہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر پی جے بی ایف کے چیئرمین سہیل پی احمد نے بعض بڑی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ پی جے بی ایف واحد باہمی فورم ہے جوحکومت سے حکومت ڈائیلاگ میں بھی حصہ لیتا ہے اور یہ واحد فورم ہے جس کے کراچی اور لاہور میں دفاتر ہیں۔ ہمارا ویژن دونوں ملکوں کے درمیان کاروباری تعلقات کو بہتر بنانا ہے۔ہم وہ واحد باہمی بزنس فورم ہیں جس نے 2011 میں کثیرالجہتی سرمایہ کاری کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں 35 ممالک سے 200 سے زائد افراد نے شرکت کی۔ ہم نے جاپانی دوستوں کے تعاون سے مشرف کے دور حکومت میں ایک جامع رپورٹ تیار کی تھی کہ کس طرح ویژن2030 کو حاصل کیا جاسکتا ہے مگر بد قسمتی سے اہم قابل قدر اسلام آبادمیں مٹی کی نظر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی جے بی ایف مستقل بنیادوں پر ہر سال ایس ایم ایز کے وفود جاپان بھیج رہاہے اور بی ٹو بی اجلاسوں کا بھی اہتمام کرتا ہے جس کے توقع سے بھی زیادہ بہتر نتائج برآمد ہوئے۔ انہوں نے رائے دیتے ہوئے کہاکہ کراچی چیمبرصنعت اور معیشت کی بہتری کے لئے کوششوں کو مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ بڑی ساحلی پٹی، وسیع زرعی پیداوار، توانائی کی صلاحیت اور صنعتی لحاظ سے سب سے بڑے شہر کراچی کے باعث سندھ صوبہ پورے پاکستان کے لئے اکیلا ہی راہ ہموار کرسکتا ہے۔ کے سی سی آئی کے صدر جنید اسماعیل ماکڈا نے اس موقع پر کہاکہ باہمی مفاہمت کی یادداشت کے معاہدے سے دونوں اداروں کے مابین میں مضبوط روابط استوار کرنے اور پاکستان اور جاپان کے درمیان باہمی تجارت وسرمایہ کاری کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 2018کے دوران پاکستان سے جاپان کے لئے اشیاء کی برآمدات میں 17.9فیصد کمی ہوئی جو2017میں 431.96 ملین ڈالر سے کم ہو کر354.26ملین ڈالرہوگئیں اسی طرح جاپان سے پاکستان کے لئے درآمدکی جانے والی اشیاء9.6 فیصد کمی کے ساتھ 2.1 ارب ڈالر رہیں جو2017 میں 2.3ارب ڈالرتھیں۔ یہ کم ہوتے اعداوشمار یقینی طور پر دونوں ملکوں کے لئے تشویشناک ہیں لہٰذا دونوں جانب سے انہیں بہتر بنانے کے لئے مشترکہ کوششوں کی اشدضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ جاپان جدید موٹر گاڑیوں، برقی آلات، مشینری آلات،اسٹیل اور غیرآہنی دھاتیں، جہاز، کیمیکلز، ٹیکسٹائلزو پروسیسڈخوراک تیار کرنے والااور جدید ٹیکنالوجی کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے لہٰذا دونوں ملکوں کے لیے جیت ہی جیت کی صورتحال پیدا کرنے لئے جاپان سے پاکستان میں ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لئے مؤثر حکمت عملی وضع کرنا انتہائی ضروری ہے۔ پاکستان اور جاپان 1952سے شاندار تجارتی تعلقات سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔ اس بات کی عکاسی اس حقیقت سے ہوتی ہے کہ 84سے زائد جاپانی کمپنیاں پاکستان میں کامیابی سے کام کررہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور جاپان کے مابین دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔جاپان درآمدات کے ذریعے اناج، ٹیکسٹائل اورسرجیکل آلات کی طلب کو پورا کرتا ہے لہٰذا پاکستان یہ مصنوعات جاپان کو برآمد کرسکتا ہے جس سے دونوں ملکوں کے دوطرفہ تجارتی حجم میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور جاپان کو آٹوموبائل کے شعبے میں تربیت اور تعاون کے ذریعے لازمی طور پر مشترکہ شراکت داری کی طرف توجہ دینا چاہیئے۔ کے سی سی آئی پاکستان اور جاپان کی تاجربرادری کے درمیان باہمی مفاہمت اور دوستانہ تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ہم پاکستان میں جاپانی سرمایہ کاری کو بھی فروغ دینا چاہتے ہیں اور پاکستان جاپان کے مابین کاورباری تعاون اور ترقی کے لئے سب کچھ کرنا چاہتے ہیں۔

The post پاکستان اور جاپان کے درمیان تجارت کے فروغ کے لئے کے بڑے ایم او یو پر دستخط ہوگئے appeared first on Baaghi TV.



This post first appeared on Baaghi TV, please read the originial post: here

Share the post

پاکستان اور جاپان کے درمیان تجارت کے فروغ کے لئے کے بڑے ایم او یو پر دستخط ہوگئے

×

Subscribe to Baaghi Tv

Get updates delivered right to your inbox!

Thank you for your subscription

×