Get Even More Visitors To Your Blog, Upgrade To A Business Listing >>

پاکستانی قوم آج آزادی کی 75ویں سالگرہ جوش و جذبے سے منارہی ہے

پاکستانی قوم آج آزادی کی 75 ویں سالگرہ قومی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے، ہر طرف سبز ہلالی قومی پرچموں کی بہار ہے، عمارتوں کو خوبصورت روشنیوں سے سجایا گیا ہے، بچے بڑے سب ہی مختلف انداز میں وطن سے اپنی محبت کا اظہار کررہے ہیں۔

پاکستان کا قیام 14 اگست 1947ء کو عمل میں آیا تھا، قوم ہر سال اس دن کو ملی جوش و جذبے کے ساتھ مناتی ہے، اس موقع پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے، اہم عمارتوں پر چراغاں کے ساتھ قومی پرچم سربلند ہوتے ہیں، شہری بھی اپنی املاک اور گاڑیوں پر قوم پرچم آویزاں کرتے ہیں۔

یوم آزادی کے دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوگا، دن کے آغاز پر نماز فجر کے بعد مساجد میں ملک میں امن، یکجہتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔

تقریبات کا نکتہ عروج اسلام آباد میں قومی پرچم لہرانے کی تقریب ہوگی، قومی پرچم لہرانے کی ایسی تقریبات ملک بھر میں صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز کی سطح پر بھی منعقد کی جائیں گی۔

اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں جشن آزادی کے حوالے سے سرکاری و نجی اداروں میں مختلف سرگرمیاں 13 اگست سے ہی شروع ہوجاتی ہیں۔

چودہ اگست کی مناسبت سے گلیوں اور محلوں کو جھنڈیوں اور جھنڈوں سے سجایا گیا ہے جبکہ بچوں سمیت تمام عمر کے لوگوں نے اپنے سینے پر بیج سجا لئے، وطن سے محبت کا اظہار پوسٹرز بنا کر بھی کیا جارہا ہے، شہر شہر چراغاں اور شاندار آتش بازی کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔


سب سے بڑا پرچم تیار کرنیوالے شیخ نثار

پاکستان کا سب سے بڑا جھنڈا بنانے والے شیخ نثار نے ایک کلومیٹر طویل قومی پرچم تیار کرنے کی خواہش ظاہر کردی۔ سماء سے بات کرتے ہوئے شیخ نثار پرچم والا نے بتایا کہ جب یہ کام شروع کیا تو پہلے صرف کپڑوں کا کاروبار تھا، لوگوں کو دیکھا کہ 14 اگست سے قبل پرچم کی تیاری میں بنیادی رموز کا خیال نہیں رکھا جاتا تھا اور عجیب بے ہنگم پرچم تیار ہوتا تھا، اس کے بعد پرچم کی تیاری شروع کرنے کا خیال آیا۔


یوم آزادی پر قیدیوں کی سزاؤں میں کمی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جیلوں میں سزا کاٹنے والے قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کا اعلان کردیا۔ صدر نے 65 سال یا اس سے زائد عمر کے مرد قیدی جو 15 سال يا اس سےزیادہ قید کاٹ چکے ہیں اُن کیلئے بقیہ سزا میں مکمل چھوٹ کا اعلان کیا ہے۔ 60 سال یا اس سے زائد عمر کی خواتین جو 10 سال یا اس سے زیادہ قید کاٹ چکی ہیں کیلئے بقیہ سزا میں مکمل چھوٹ کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔


نمایاں خدمات انجام دینے والی اہم شخصیات کیلئے سول اعزازات کا اعلان

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم آزادی پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر متعلقہ شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر 253 پاکستانی اور غیرملکی شہریوں کو نشان امتیاز، ہلال پاکستان، ہلال شجاعت، ہلال امتیاز، ہلال قائداعظم، ستارہ پاکستان، صدارتی اعزازات برائے حسن کارکردگی، تمغہ پاکستان، تمغہ شجاعت، تمغہ امتیاز، تمغہ قائداعظم اور تمغہ خدمت عطاء کرنے کا اعلان کردیا۔

یہ اعزازات 23 مارچ 2023ء کو یوم پاکستان کے موقع پر منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران دیئے جائیں گے، سے نوازا جائے گا۔


وزیراعظم کا خطاب

وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج محض ایک مبارکباد کافی نہیں، یقیناً ہم ہر سال بڑی دھوم دھام اور خوشی سے یوم آزادی مناتے ہیں، یوم پاکستان مناتے ہیں، یوم قائد مناتے ہیں، یوم اقبال مناتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ پچھلے 75 برس میں ہم نے ان دنوں کو محض منایا ہے، مگر ان کے اصل مقاصد کو اپنایا نہیں، پاکستان کو ایسا نہیں بنایا جسے دیکھ کر خود ہمارا دل یہ گواہی دے کہ قائد اور لاکھوں شہداء کی روحیں مطمئن اور آسودہ ہوں گی، اسی لئے یوم آزادی کے موقع پر میرا دل مسرور بھی ہے اور بے چین بھی۔


وزیر اطلاعات کا پیغام

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پاکستان کی 75 ویں سالگرہ پر ملک میں محبت اور برداشت کے کلچر کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی پرچم ہمارے اتحاد کی علامت ہے، ہم سب ایک ہیں، نفرت، تقسیم اور فساد پھیلانے کی ہر کوشش کو ناکام بنائیں گے، آج پوری قوم پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی منارہی ہے، ملک کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے مسلح افواج، پولیس اور سیکورٹی اداروں کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

مزید جانیے: دنیا کا سب سے بڑا قومی پرچم بنانے والے پاکستانی کی نئی خواہش


دوبارہ ریکارڈ کئے گئے قومی ترانے کا اجراء آج ہوگا

پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم شہید لیاقت علی خان کے بعد وزیراعظم شہباز شریف وہ دوسرے منتخب وزیراعظم ہیں جو قیام پاکستان کے 75 سال مکمل ہونے پر انتہائی منفرد انداز میں دوبارہ ریکارڈ کئے گئے قومی ترانے کا آج (14 اگست کو) اجراء کریں گے۔



This post first appeared on Articles On Political Issues, Current Affair, Social Buzz And Entertaiments, please read the originial post: here

Share the post

پاکستانی قوم آج آزادی کی 75ویں سالگرہ جوش و جذبے سے منارہی ہے

×

Subscribe to Articles On Political Issues, Current Affair, Social Buzz And Entertaiments

Get updates delivered right to your inbox!

Thank you for your subscription

×