Get Even More Visitors To Your Blog, Upgrade To A Business Listing >>

کیا امریکی ڈالر کی عالمی حیثیت میں کمی واقع ہو سکتی ہے ؟

ابھرتی اقتصادیات کے حامل ملکوں کی کرنسیاں لڑکھڑا رہی ہیں۔ ان میں روس کی کرنسی روبل بھی شامل ہے۔ روس کا کہنا ہے کہ امریکی ڈالر کی عالمگیر کرنسی کی حیثیت ’ختم‘ ہونے والی ہے۔ کرنسی کی قدر میں استحکام سے بنیادی طور پر کسی بھی ملک کے نوٹ جاری کرنے والے مجاز ادارے کو اعتماد حاصل ہوتا ہے۔ اس تناظر میں دیکھا جائے تو اس وقت امریکی ڈالر کے لیے حالات اِس لیے ساز گار نہیں ہیں کیونکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ کچھ عرصے میں متعدد ممالک کے حوالے سخت اقدامات اٹھائے ہیں۔ ٹرمپ دور میں امریکا اور دوسری بڑی اقتصادیات کے ملک چین سے لے کر کئی دوسری چھوٹی معیشتوں کے ممالک کے ساتھ بھی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ نے اس وقت چین کے ساتھ ایک طرح کی اقتصادی جنگ شروع کر رکھی ہے۔ کئی دوسرے اتحادی ممالک کی درآمدات پر بھی انہوں نے اضافی محصولات کا نفاذ کر دیا ہے۔ امریکی صدر روس پر بھی پابندیوں کا نفاذ کر چکے ہیں اور اب انہوں نے ترکی کو اپنے پابندیوں میں جکڑ لیا ہے۔ انہی جھگڑوں کے تناظر میں ترکی اور روس نے امریکی ڈالر کی حیثیت پر انگلیاں اٹھانی شروع کر دی ہیں۔ عالمی اقتصادیات میں امریکی ڈالر کی عالمگیر کرنسی کے طور پر حیثیت چودہ فروری سن 1945 سے شروع ہوتی ہے۔ ایک بحری جہاز پر منعقدہ خصوصی تقریب میں اُس وقت کے امریکی صدر روزویلٹ اور سعودی عرب کے شاہ خالد ابنِ سعود موجود تھے۔ اسی تقریب میں تیل کی فروخت امریکی ڈالر میں کرنے کی بات طے ہوئی تھی اور صدر روزویلٹ نے سعودی عرب کے عسکری تحفظ کا یقین بھی دلایا تھا۔

سعودی عرب اور امریکا کے درمیان بعض سفارتی تنازعات کے باوجود یہ ڈیل برقرار رکھی گئی۔ عالمی سطح پر تیل کی ضروریات میں اضافہ ہوتا چلا گیا اور اسی طرح امریکی ڈالر کی حیثیت بھی مستحکم ہوتی چلی گئی۔ روزویلٹ اور سعودی بادشاہ کے درمیان سن 1945 کی ڈیل نے امریکی ڈالر کو سیاہ سونے (خام تیل) کے ساتھ ایسا نتھی کیا اب امریکی ڈالر ہی اقوام کے درمیان تجارت کا بنیادی ذریعہ بن چکا ہے۔ دنیا کے پچاسی فیصد بین الاقوامی کاروباری سودوں کا لین دین امریکی ڈالر ہی میں ہوتا ہے اور یہ بھی دنیا میں امریکی غلبے کا ایک نشان ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ آیا امریکی ڈالر کی اہمیت کم ہو سکتی ہے۔ بعض ماہرین معاشیات کا خیال ہے کہ یہ ممکن نہیں ہے۔

موجودہ امریکی صدر ٹرمپ کئی ملکوں اور خاص طور پر چین پر الزام رکھتے ہیں کہ وہ اپنی کرنسی کی قدر ڈالر کے مقابلے میں دانستہ طور پر کم رکھ رہا ہے تا کہ اقوام عالم میں یہ احساس پیدا ہو کہ چینی کرنسی بھی مضبوط ہے۔ بعض اوقات ٹرمپ بڑے دعوے کرتے ہیں اور بعد میں وہ ان سے پیچھے بھی ہٹ جاتے ہیں۔ مبصرین کے مطابق ٹرمپ کی اقتصادی پالیسی اُن کے بیانات سے مطابقت نہیں رکھتی۔ ترکی اور روس نے اپنی دو طرفہ تجارت میں اپنی اپنی کرنسیوں کے استعمال کا اعلان کیا ہے اور وہ یقینی طور پر ڈالر کے استعمال سے گریز چاہتے ہیں۔ ایسے اقتصادی ماہرین موجود ہیں جن کا کہنا ہے کہ ترکی اور روس جیسا رویہ اگر بقیہ ممالک بھی اپناتے چلے گئے تو امریکی ڈالر کی انٹرنیشنل تجارت میں حیثیت کم ہونا شروع ہو جائے گی۔ دوسری جانب ایسے ماہرینِ اقتصادیات بھی ہیں جن کے مطابق امریکی ڈالر انفرادی سطح پر بہت مستحکم ہے اور سرمایہ کار اس کرنسی کے استعمال پر اعتماد رکھتے ہیں۔

بشکریہ DW اردو

 



This post first appeared on MY Pakistan, please read the originial post: here

Share the post

کیا امریکی ڈالر کی عالمی حیثیت میں کمی واقع ہو سکتی ہے ؟

×

Subscribe to My Pakistan

Get updates delivered right to your inbox!

Thank you for your subscription

×