Get Even More Visitors To Your Blog, Upgrade To A Business Listing >>

یہ پاکستان کی پہلی اسٹریٹ لائبریری ہے، کتابیں پڑھنے کی عادت زندہ کریں

انٹرنیٹ اور موبائل کے اس دور میں لوگ، خاص طور پر نوجوان کتاب اور مطالعے
سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔ مگر کراچی میں نوجوانوں کو کتابوں کی طرف راغب کرنے کی ایک دلچسپ کوشش کی گئی ہے۔ یہ پاکستان کی پہلی اسٹریٹ لائبریری ہے۔ اسمارٹ موبائل اور انٹرنیٹ سے مضبوط رابطے نے نوجوانوں کا کتابوں کے مطالعے سے رشتہ کمزور کر دیا ہے اور اب بظاہر انہیں کتاب کی جانب راغب کرنا آسان نہیں۔ تاہم آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں اپنی نوعیت کی پہلی اور منفرد اسٹریٹ لائبریری کی بنیاد رکھ کر لوگوں میں مطالعے کا شوق جگانے کی ایک کوشش کی گئی ہے۔ شہر کراچی کی معروف میٹروپول چورنگی پر اب سے کچھ عرصہ پہلے پیدل چلنے کے راستوں پر غیر قانونی تجاوزات کی بھر مار تھی۔ لیکن اب یہاں بانی پاکستان محمد علی جناح، فاطمہ جناح، علامہ اقبال اور لیاقت علی خان کے علاوہ ملک کی تاریخی عمارات پر مشتمل آرٹ ورک سے مزین ایک دیوار دیکھی جا سکتی ہے۔ 

اس دیوار کے درمیان لکڑی کی الماریاں بنائی گئی ہیں جن میں مختلف موضوعات پر کتابیں رکھی گئی ہیں۔ یہ ہے پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی اور منفرد اسٹریٹ لائبریری، یہ اسٹریٹ لائبریری حکومت سندھ اور کمشنر کراچی افتخار شلوانی کی مشترکہ کوشش ہے۔ اسٹریٹ لائبریری کے بارے میں کمشنر کراچی افتخار شلوانی کا کہنا ہے کہ یہ ایک چھوٹی سی علامتی لائبریری ہے، ''اس لائبریری کے قیام کا مقصد لوگوں کو مطالعے کی جانب راغب کرنے کے علاوہ انہیں ایک ایسی پبلک پلیس دینا ہے، جس کا خیال عوام خود رکھ سکیں۔ یہاں ایک وقت میں تقریباً چھ سو کتابیں رکھی جائیں گی۔ سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ کتاب لو کتاب دو کی بنیاد پر یہ لائبریری کام کرے گی۔ یعنیِ اگر آپ اس لائبریری سے ایک کتاب لے رہے ہیں تو بدلے میں آپ کو یہاں اس شیلف میں اپنی ایک کتاب رکھنا ہو گی۔ یہاں کوئی لائبریریئن موجود نہیں ہو گا یعنیِ عوام کو یہاں آکر اپنی پسندیدہ کتاب لینے اور رکھنے کے نظام کو خود ہی ایمانداری سے دیکھنا ہو گا۔‘‘

اس وقت کمشنر کراچی کے زیر انتظام 41 لائبریریاں ہیں، جن میں سے صرف چند ہی فعال ہیں۔ اس صورتحال میں ایک علامتی لائبریری قائم کرنے کے بجائے پہلے ہی مجود کتب خانوں کا نظام پر توجہ کیوں نہیں دی جا رہی؟ اس حوالے سے کمشنر کراچی کا کہنا ہے، ''ہم نے ایک کونسل برائے کراچی لائبریری بنائی ہے جو شہری انتظامیہ کے زیر انتظام کتب خانوں کا دورہ کر رہی ہے۔ ہم نے ان کتب خانوں کی بحالی کے لیے نجی سیکٹر سے بھی مدد حاصل کی ہے جن میں برٹش کونسل، یو ایس اور جاپانی ادارے شامل ہیں۔ ہم نے گزشتہ دس ماہ میں تقریباً دس کتب خانوں کو بہتر انداز میں فعال کیا ہے اور مزید پر کام جاری ہے۔‘‘ معروف شاعر اور کمشنر کراچی کی لائبریری کمیٹی کے رکن سحر انصاری کہتے ہیں کہ ٹیکنالوجی کے اس زمانے میں اگر لوگوں کو کتب بینی کی جانب راغب کرنے کی چھوٹے پیمانے پر بھی کوشش کی جائے تو یہ قابل ستائش ہے، ''ایک وقت تھا جب اس شہر کی کئی عوامی اور نجی لائبریریوں میں تاریخ، ادب، سائنس اور دیگر موضوعات پر ہزاروں کتب موجود ہوا کرتی تھیں۔ پرائیویٹ لائبریری رکھنا اسٹیٹس سمبل سمجھا جاتا تھا تاہم اب کئی کتب خانے غیر فعال نظر آتے ہیں۔ بس اب کراچی میں فریئر ہال، ریگل چوک اور بیت المکرم مسجد کے اطراف موجود چند لوگ ایسے ہیں جو اب بھی یہاں پرانی کتابوں کی جانب عوام کو مائل کرنے کے لیے ہر اتوار کتابوں کے اسٹال سجاتے ہیں۔‘‘

بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو



This post first appeared on Urdu Classic, please read the originial post: here

Share the post

یہ پاکستان کی پہلی اسٹریٹ لائبریری ہے، کتابیں پڑھنے کی عادت زندہ کریں

×

Subscribe to Urdu Classic

Get updates delivered right to your inbox!

Thank you for your subscription

×