Get Even More Visitors To Your Blog, Upgrade To A Business Listing >>

آپ خود کو صرف 59 سیکنڈز میں بدل سکتے ہیں

آپ صرف 59 سیکنڈز میں اپنی شخصیت میں نمایاں تبدیلی لا کر ایک خوشگوار زندگی کا آغاز کر سکتے ہیں جی ہاں ایک منٹ سے بھی کم وقت میں۔ یہ دعویٰ معروف ماہر نفسیات رچرڈ وائز مین نے اپنی کتاب ’59 سیکنڈز، تھنک اے لٹل، چینج اے لاٹ‘ میں کیا ہے۔ انہوں نے اپنی تصنیف میں چند ایسے سادہ اصول بیان کیے ہیں جن پر عمل کر کے کوئی بھی شخص اپنی زندگی میں بہت بڑی تبدیلی لا سکتا ہے۔ ٹائمز نے اپنے ایک مضمون میں وائز مین کی کتاب کے اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی ہے۔ رچرڈ وائز مین نے فریب کے موضوع پر نفسیات میں پی ایچ ڈی کی ہے۔

وائز مین ماضی میں شعبدہ بازی کیا کرتے تھے اور اپنے کمالات سے دیکھنے والوں کو حیرت زدہ کر دیتے۔ وہ کہتے ہیں کہ روزمرہ زندگی میں بہت ہی معمولی تبدیلیوں سے بڑے پیمانے پر سکون اور خوشی حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے اپنی کتاب میں انسانی نفسیات کے موضوع پر سائنسی جریدوں میں شائع ہونے والے کئی مطالعاتی جائزوں کے نتائج کو بنیاد بنا کر خوشگوار اور کامیاب زندگی گذارنے کے چند سادہ اور آسان اصول تجویز کیے ہیں۔ وائز مین کا دعویٰ ہے کہ ان کے مشوروں کی بنیاد سائنسی اور ٹھوس حقائق پر ہے اور عملی زندگی میں ان کے اثرات زیادہ نمایاں طورپر محسوس کیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے اپنی کتاب میں ، کام، تعلقات، توجہ حاصل کرنے، فیصلہ کرنے اور ذہنی دباؤ جیسے موضوعات پر تفصیل سے گفتگو کی ہے۔ چینل فور کے ڈرین براؤن نے کتاب پر اپنے تبصرے میں کہا ہے کہ وائز مین کے مشوروں کی بنیاد قیاس یا نظریہ نہیں ہے بلکہ وہ سائنسی طورپر تصدیق شدہ ہیں۔ کتاب میں دیے گئے چند مشورے یہ ہیں۔ اپنے جیون ساتھی کی تصویر اپنے بٹوے یا پرس میں رکھنے سے محبت بڑھتی ہے اور غیروں کی طرف دیکھنے کی حاجت نہیں رہتی۔

اگر آپ اکثر اپنا بٹوا یا پرس کہیں رکھ کر بھول جاتے ہیں، یا کھو دیتے ہیں تو اس میں ایک خوبصورت بچے کی تصویر نمایاں انداز میں رکھیں۔ زیادہ امکان یہ ہے کہ بٹوا یا پرس گم ہو جانے کی صورت میں آپ تک واپس پہنچ جائے گا۔ اگر کسی اہم میٹنگ میں آپ دوسروں کی توجہ حاصل کر کے نفسیاتی فوائد حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اس کا سادہ اور فوری طریقہ یہ ہے کہ مجمع کے عین درمیان میں بیٹھنے کی کوشش کریں۔ اگر آپ اپنی شخصیت میں مثبت تبدیلی لانا چاہتے ہیں تو ان چیزوں پر توجہ دیں جنہیں آپ ناپسند کرتے ہیں اورایسے انداز سے اجتناب کریں جس سے کسی کے تمسخر یا دل آزاری کا پہلو نکلتا ہو۔

اگر آپ اپنی خوشیوں میں نمایاں اضافہ چاہتے ہیں تو نہ چاہتے ہوئے بھی اپنے چہرے پر زبردستی مسکراہٹ لائیں اور 20 سیکنڈز تک مسکراتے رہیں۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ کوئی دوسرا آپ کے لیے اچھے جذبات رکھے تو بجائے اس کہ آپ اس کے لیے کوئی بڑا کام کریں، اسے یہ موقع دیں کہ وہ آپ کے ساتھ کوئی چھوٹی سی بھلائی کرے۔ اگر آپ وزن پر کنٹرول یا کسی اور وجہ سے اپنا کھانا پینا گھٹانا چاہتے ہیں تو اس کا آسان نسخہ یہ ہے کہ پینے کے لیے لمبا اور پتلا گلاس استعمال کریں ، کچن میں ایک آئینہ لگائیں اورکھانے کی میز پر اپنے کھانے سے متعلق ایک ڈائری رکھیں۔

چیزیں خریدنے کی بجائے ایسی دلچسپیوں پر پیسہ خرچ کریں جن سے آپ کو تجربات حاصل ہوں اور آپ کوئی ہنر سیکھ سکیں، تقریبات میں شرکت کریں،  ایسے مقامات اور ریستورانوں میں جائیں جہاں آپ پہلے نہ گئے ہوں۔ دوسروں کے ساتھ کام کرنے کے مواقع تلاش کریں یا لوگوں سے اس بارے میں بات کریں۔ اپنے مقصد میں کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ آپ اس کے متعلق اپنے دوستوں، خاندان کے افراد اور کام کی جگہ کے ساتھیوں کو بتائیں۔ خوشگوار تعلقات کے لیے ضروری ہے کہ کسی کی ایک خرابی بیان کرنے کے لیے پہلے اس کی پانچ خوبیاں بھی گنوائیں۔

ملازمت کے لیے انٹرویو کے موقع پر اپنا اعتماد قائم کرنے کے لیے انہیں اپنی کسی واضح کمزوری کے بارے میں بتائیں۔ اپنی شخصیت کو یکسانیت سے بچانے کے لیے دانستہ طورپر کوئی نیا مشغلہ شروع کریں۔ کسی نئی تنظیم کے رکن بنیں، کوئی نیا ہنر سیکھیں ، کوئی نیا پراجیکٹ شروع کریں یا نئے لوگوں سے ملیں۔
وائز مین نے اپنی کتاب میں لکھتا ہے کہ ان مشوروں پر عمل کے لیے آپ کا ایک منٹ بھی صرف نہیں ہوتا لیکن آپ کی زندگی پر اس کے خوشگوار اثرات ایک طویل مدت تک قائم رہتے ہیں۔

عبد الولی خان



This post first appeared on Improve Your Life, please read the originial post: here

Share the post

آپ خود کو صرف 59 سیکنڈز میں بدل سکتے ہیں

×

Subscribe to Improve Your Life

Get updates delivered right to your inbox!

Thank you for your subscription

×