Get Even More Visitors To Your Blog, Upgrade To A Business Listing >>

ایک چیک نے رواں سال کی سب سے بڑی چوری کا ملزم کیسے پکڑوایا

کراچی پولیس نے رواں سال کی سب سے بڑی چوری کے ملزم کو کروڑوں روپے کے مسروقہ مال کے ساتھ گرفتار کرلیا۔

کراچی کے علاقے نیول ہاؤسنگ اسکیم میں رواں سال محمد جاوید نامی شخص کے گھر میں چوری کی واردات ہوئی تھی، چور گھر سے کروڑوں روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی کے علاوہ دستخط شدہ چیک بُکس اور بیش قیمت زیورات بھی لے گئے تھے۔

کراچی پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے مطابق واقعے کے ملزم کو کراچی سے ہی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ملزم کے قبضے سے ساڑھے 4 کروڑ روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی اور زیورات برآمد کرلئے گئے ہیں۔

ملزم کون ہے؟

ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ عارف عزیز نے سماء ڈیجیٹل کو بتایا کہ چوری کا ملزم صادق سرٹیفائڈ پائلٹ ہے اور کئی برسوں تک کراچی میں بلڈرز کی نمائندہ تنظیم آباد (ASSOCIATION OF BUILDERS AND DEVELOPERS OF PAKISTAN) میں بحیثیت سیکریٹری فرائض سرانجام دیتا رہا ہے۔

چوری کیوں کی ؟

ایس ایس پی عارف عزیز نے بتایا کہ چند برس قبل آباد میں لیپ ٹاپ چوری کے الزام میں ناصرف صادق کو نوکری سے برطرف کیا گیا بلکہ اس کے خلاف کراچی کے تھانہ کلفٹن میں مقدمہ بھی درج کرایا گیا اور یہ مقدمہ جاوید ہی کی مدعیت میں درج کرایا گیا تھا۔ صادق نے اس واقعے کے بعد جاوید سے بدلہ لینے کی ٹھانی۔

حکمت عملی کیسے بنائی؟

سماء ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے عارف عزیز نے بتایا کہ صادق کو معلوم تھا کہ جاوید ہر سال رمضان المبارک کے آخری عشرے میں عمرے کی ادائیگی کے لئے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ سعودی عرب جاتا ہے۔ معلومات اکٹھی کرنے کے بعد صادق نے کارروائی کی حکمت عملی تیار کی۔

چوری کب ہوئی؟

صادق رواں برس 25 اپریل (27 رمضان المبارک) کوجاوید کے گھر میں داخل ہوا اور 2 دن وہاں رہا، اس دوران اس نے گھر کا کونہ کونہ چھان مارا اور کروڑوں روپے نقد، دستخط شدہ چیک بُکس اور ہیرے جواہرات اکٹھے کئے۔

27 اپریل کو صادق نے جاوید ہی کے گھر سے آن لائن ٹیکسی بلوائی اور وہاں سے نکل گیا، 9 مئی کو جاوید جب وطن لوٹا اسے اس واردات کا علم ہوا۔

ملزم کیسے پکڑا گیا؟

عارف عزیز کے مطابق ملزم صادق نے ہیرے اور نقدی کے علاوہ کچھ بینک چیک بھی اڑائے تھے، صادق نے اپنے ایک قریبی دوست کو ڈھائی لاکھ روپے کا ایک چیک کیش کرانے کے لئے دیا۔

پولیس اس سے قبل ہی جاوید کے مسروقہ چیکس سے متعلق بینک انتطامیہ کو آگاہ کرچکی تھی، جیسے ہی وہ چیک بینک انتظامیہ کے پاس آیا تو انہوں نے پولیس کو اس بارے میں آگاہ کیا۔

پولیس نے چیک کیش کرانے کے لئے آنے والے شخص کو گرفتار کرکے تفتیش کی، جس پر اس نے صادق کا نام اُگل دیا۔

کتنا مال مسروقہ برآمد ہوا؟

ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ عارف عزیز نے بتایا کہ صادق سے ساڑھے 4 کروڑ روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد ہوچکا ہے، برآمد کئے گئے مال میں پاکستانی کرنسی کے علاوہ امریکی ڈالر، یورو اور سعودی ریال سمیت طلائی زیورات بھی شامل ہیں۔



This post first appeared on Articles On Political Issues, Current Affair, Social Buzz And Entertaiments, please read the originial post: here

Share the post

ایک چیک نے رواں سال کی سب سے بڑی چوری کا ملزم کیسے پکڑوایا

×

Subscribe to Articles On Political Issues, Current Affair, Social Buzz And Entertaiments

Get updates delivered right to your inbox!

Thank you for your subscription

×